غزہ – فلسطین فائونڈیشن پاکستان فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں خاندانوں کے خلاف دو قتل عام کیے، جن میں 33 فلسطینی شہید اور 66 شہری زخمی ہو گئے ہیں۔
شہداء اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
وزارت صحت نے اپنی روزانہ کی اپ ڈیٹ میں بتایا کہ گذشتہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 40,435 فلسطینی شہید اور 93,534 زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت نے کہا کہ بہت سے زخمی اب بھی ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر ہیں، جہاں ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک نہیں پہنچ سکتا۔
خیال رہے کہ گذشتہ 7 اکتوبر سے اسرائیلی قابض افواج غزہ کی پٹی پر تباہ کن جنگ کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار معصوم شہری شہید، زخمی اور لاپتہ ہو چکے ہیں، جبکہ 20 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کا 70 فیصد سے زیادہ تباہ ہو چکا ہے اور غزہ کی سخت ناکہ بندی اور مسلسل جنگ کے نتیجے میں گنجان آباد علاقہ قحط کی لپیٹ میں ہے۔
ادویات، پانی اور خوراک کی قلت کے باعث بچوں اور دیگر شہریوں کی اموات کی خبریں آ رہی ہیں۔ دوسری جانب قابض صہیونی ریاست نے جنگ بندی کی تمام کوششیں ناکام بنا دی ہیں اور وہ غزہ میں فلسطینیوں کی منظم اور مسلسل نسل کشی پر پوری ڈھٹائی کے ساتھ قائم ہے۔