صنعاء(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ میں جاری صہیونی درندگی کے خلاف جہاں پوری دنیا کی خاموشی دلوں کو زخمی کر رہی ہے، وہیں یمن کی سرزمین سے ایک پرعزم، باہمت اور اخلاص بھرا پیغام مظلوم فلسطینیوں تک پہنچا ہے۔ یمن کی مسلح افواج نے بدھ کے روز فلسطینی مزاحمت کو ایک بھرپور فوجی اور انقلابی سلام پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ “یمن کبھی بھی غزہ کو تنہا نہیں چھوڑے گا، چاہے پوری دنیا منہ موڑ لے”۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے اپنے رقت انگیز خطاب میں کہا “یمن، جو آزاد، باعزت اور خودمختار ہے، غزہ کے بہادر مجاہدوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں جب تک کہ قابض اسرائیل کا حملہ بند نہ ہو جائے، اور آپ پر مسلط محاصرہ ختم نہ ہو جائے”۔
یحییٰ سریع نے اپنے بیان میں فلسطینی قوم کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ یمن کی مسلح افواج غزہ کی تازہ ترین جنگی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، اور مزاحمت کی عظیم قربانیوں کو سجدہ تحسین پیش کرتی ہیں۔
انہوں نے عرب، اسلامی اور جہادی روح سے لبریز الفاظ میں کہا “یمنی افواج کی جانب سے حماس کے عسکری ونگ القسام’، ‘سرايا القدس’ اور دیگر تمام
مزاحمتی گروپوں کے شیر دل مجاہدوں کو انقلابی، جہادی اور عربی سلام پیش کیا جاتا ہے، جو اس وقت پوری امت کی عزت کا دفاع کر رہے ہیں، جب امت کے اکثر حکمرانوں نے ان سے منہ موڑ لیا”۔
یحییٰ سریع کا یہ بیان ان عظیم لمحوں کی یادگار بن گیا جب انہوں نے کہا: “تمہاری جدوجہد مبارک ہو، تمہاری قربانیوں کو سلام اور لعنت ہے ان پر جنہوں نے تمہاری پشت سے چھرا گھونپا۔ سلام ہے تم پر تمہارے یومِ ولادت پر، تمہارے یومِ جہاد پر، تمہاری فتح کے دن پر، تمہاری شہادت کے لمحے پر اور اس دن پر بھی جب تم دوبارہ زندہ کیے جاؤ گے”۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب یمن میں انصار اللہ سے وابستہ افواج، قابض اسرائیل کی مسلسل فلسطینی نسل کشی کے خلاف عملی اقدامات میں بھی پیش پیش ہیں۔ یمنی افواج نے مسلسل دوسرے سال بھی نہ صرف اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا بلکہ بحیرہ احمر میں اسرائیلی، امریکی اور ان کے حامی جہازوں کو ہدف بنا کر یہ واضح کر دیا کہ فلسطین تنہا نہیں، یمن اس کی پشت پر کھڑا ہے۔
۔