کراچی ( مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینئیر غلام محمد صوفی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے فلسطینی مزاحمت سے درس حاصل کیا۔ فلسطینیوں نے ہمیں سکھایا ہے کہ اپنے حق کا دفاع کرنا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے دفتر میں اراکین سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں فلسطین فاونڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی کے اراکین بشمول علامہ قاضی احمد نورانی، اسرار عباسی اور ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت خواتین و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد کی قیادت غلام محمد صوفی کر رہے تھی جبکہ ان کے ہمراہ ایڈوکیٹ پرویز شاہ، سینئر رہنما اعجاز رحمانی، رائے خادم حسین اور امتیاز وانی شریک تھے۔
حریت رہنما کا کہنا تھاکہ فلسطینیوں نے ثابت کیا ہے کہ مزاحمت کے ذریعہ ہے اپنا حق حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی ثالثی چاہے مسئلہ فلسطین میں ہو یا مسئلہ کشمیر میں ہر دو طرح نقصان دہ ہے۔ امریکہ ان تمام مسائل کی جڑ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت غاصب صہیونی حکومت اسرائیل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشتگردی اور ہندوستانی حکومت کی سرپرست ہے. انہوں نے کہا کشمیری عوام کبھی بھی دھوکہ نہیں کھائیں گے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں مظلوموں کے ساتھ ہیں۔ امریکہ، اسرائیل اور ہندوستان پاکستان کے مشترکہ دشمن ہیں۔ ان کاکہنا تھاطکہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان میں مسئلہ فلسطین کےساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے لئے آگہی پھیلانے میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے حریت رہنماؤں کو یقین دلایا کہ پاکستان بھر کے عوام کشمیر اور فلسطین کے ساتھ ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر صابر ابو مریم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں مشترکہ تعاون کی بنیاد پر کشمیر اور فلسطین کاز کی سرگرمیوں سے متعلق حکمت عملی پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے تمام مسائل بشمول کشمیر کے مسئلہ کی اصل جڑ عالمی دہشتگرد امریکی حکومت اور اس کی پراکسی اسرائیل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری کشمیری عوام کا ہے۔ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے۔ ہم آخری سانس تک کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ لڑیں گے۔
اس موقع پر معروف مذہبی اسکالر معاذ نظامی، خواتین میں زیب فاطمہ، کرن، فردوس اور صدف بھی موجود تھیں۔