فرانس نے پیر کے روز اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف تشدد کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی جان ومال پرحملوں سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔
وزارت خارجہ کی ترجمان این کلیئر لیجینڈر نے ایک بیان میں کہا کہ یہ تشدد ناقابل قبول ہے اور اسے روکنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی قانون کی دفعات کے تحت یہودی بستیوں کی تعمیر غیر قانونی ہے اور یہ “زمین پر کشیدگی کو ہوا دینےاور امن کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔”
فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی حکومت مقبوضہ علاقوں میں آباد کاری کے نئے منصوبوں کی منظوری دے کر ایک قابل عمل اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات کو خطرے میں ڈالتی ہے اور دو ریاستی حل کو خطرے میں ڈالتی ہے جو کہ پائیدار امن کی واحد ضمانت ہے۔ “
فرانس نے ایک بار پھر اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ “یہودی بستیوں میں مکانات کی تعمیر کے لیے لائسنسنگ کے طریقہ کار کو تیز کرنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور مغربی کنارے کی متعدد بستیوں میں تقریباً 5,000 نئے ہاؤسنگ یونٹس کے لیے تعمیراتی منصوبوں کی منظوری کو ترک کرے۔”