غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن )اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا کہ اس کے مجاہدین نے جنوبی غزہ کے تل الهوى محلے میں واقع “الراهبات الوردیہ” سکول کے اندر قابض اسرائیل کے فوجی اور اس کی مشینی یونٹ پر کامیاب کارروائی کی۔
القسام نے پیر کو اپنے ٹیلیگرام چینل پر کہا کہ “ہمارے مجاہدین نے دشمن فوجیوں پر قریب سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ مزید یہ کہ ہمارے مجاہدین نے دو صہیونی بکتر بند گاڑیوں کے اندر دھماکہ خیز مواد پھینکا جس سے ان کے عملے کے افراد مارے گئے اور زخمی ہوئے، ساتھ ہی ایک صہیونی میرکافہ ٹینک کو فدائی بم دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ اس دوران ہمارے مجاہدین نے زخمی فوجیوں کے انخلاء کے لیے قابض اسرائیل کے ہیلی کاپٹرز کی لینڈنگ کو بھی ریکارڈ کیا۔”
ایک اور بیان میں القسام نے بتایا کہ “ہمارے مجاہدین نے گذشتہ اتوار کے روز بھی جنوبی غزہ کے الصبرہ محلے کے جنوب میں شارع 10 کے قریب ایک اور صہیونی میرکافہ ٹینک کو شدید دھماکہ خیز زمینی بم سے تباہ کیا۔”
القسام بریگیڈز اور دیگر فلسطینی مزاحمتی دھڑے مسلسل قابض اسرائیل کی فوج اور اس کی مشینری کے خلاف اپنی جوابی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ لڑائی “طوفان الاقصیٰ” معرکے کا حصہ ہے جس کے تحت گذشتہ دو برسوں سے جاری صہیونی جارحیت اور درندگی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا رہا ہے۔