مقبوضہ بیت المقدس ۔ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) منگل کی شام قابض اسرائیلی فوج نے شمالی القدس کی بلدہ الرام میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔
فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ اس کی طبی ٹیموں نے 28 سالہ نوجوان کو گولی لگنے کے بعد طبی امداد فراہم کی۔ نوجوان کو قابض اسرائیلی فوج نے بلدیہ الرام میں واقع نسلی دیوار اور توسیعی باڑ کے قریب گھٹنے میں زندہ گولی ماری۔ ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد زخمی نوجوان کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیلی فوج کے اہلکاروں نے نسلی امتیاز کی دیوار کے قریب کام کرنے والے متعدد مزدوروں کا تعاقب کیا اور ان پر اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ایک مزدور شدید زخمی ہو گیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب قابض اسرائیل کی فورسز نے القدس کے گرد فلسطینی شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ مزدوروں کو آئے روز فائرنگ، گرفتاریوں اور مارپیٹ کا سامنا ہے، جو روزگار کی تلاش میں دیوار کے قریب پہنچتے ہیں۔
