کراچی ( ) جامعہ کراچی کے شعبہ سیاسیات کے زیر اہتمام مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے لئے سفارتی تربیتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدرات صدر شعبہ پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید نے کی جبکہ شعبہ کے استاد ڈاکٹر محمد علی نے طلباء و طالبات کو تربیتی سیشن سے آگہی دی۔ تربیتی سیمینار میں ایف سی یونیورسٹی لاہور سے ڈاکٹر زمرد اعوان، اور ڈاکٹر ذوالقرنین نے بھی خطاب کیا اور شعبہ سیاسیات کے اس اقدام کو سراہا۔
صدر شعبہ سیاسیات ڈاکٹر ثمینہ سعید نے طلباء و طالبات کے درمیان ہونے والے سفارتی آگہی سے متعلق تربیتی سیمینار کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے موقع سے طلباء کی صلاحیتوں کو نکھار ملتا ہے اور عملی سیاسی دنیا میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم ہوتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا ایسے تربیتی پروگراموں سے شعبہ سیاسیات مزید فروغ پائے گا۔
شعبہ سیاسیات کے سینئر استاد اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کا کہنا تھا کہ روایتی طریقہ تدریس کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات کو بھی فروغ دینا چاہیے تاہم شعبہ ان مقاصد کے حصول کے لئے گامزن ہے۔ ڈاکٹر محمد علی نے مسئلہ فلسطین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جز ہے لہذا اسی لئے طلباء و طالبات کو عملی مشق کروا کر بہتر انداز میں سمجھنا نے کی کوشش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ہی مسائل کے خاتمہ کا باعث بن سکتا ہے