مقبوضہ بیت المقدس ۔ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) قابض اسرائیل کی افواج نے القدس کی بہادر مرابطہ هنادی الحلوانی کو ایک فوجی حکم نامہ دیا ہے جس میں انہیں القدس کی اہم شخصیات سے کسی بھی قسم کے رابطے سے روکا گیا ہے۔ یہ پابندی اس کے بعد عائد کی گئی کہ هنادی الحلوانی کو سوموار کی صبح القدس کے المسکوبيہ تفتیشی مرkز میں واقع “کمرہ 4” میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔
اس حکم نامے پر قابض اسرائیل کی “وسطی علاقہ” کی فوجی کمان کے دستخط ہیں جس میں ان افراد کے نام درج ہیں جن سے الحلوانی کو براہ راست یا بالواسطہ رابطہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ قابض اسرائیل نے اس پابندی کا جواز “ریاست کی سکیورٹی کو متاثر کرنے” کا دعویٰ کیا ہے، جو سنہ1945ء کے برطانوی ایمرجنسی قوانین کی بنیاد پر جاری کیا گیا۔
یہ فیصلہ القدس اور مسجد الاقصیٰ میں مرابطین اور مرابطات پر قابض اسرائیل کی مسلسل مداخؒلت اور پابندیوں کی ایک نئی کڑی ہے، جس کا مقصد ان کی سرگرمیوں کو محدود کرنا اور مقدسات کے دفاع میں ان کی کوششوں کو روکنا ہے۔