غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین ’انروا‘ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں سات اکتوبر2023ء سے جاری اسرائیلی بمباری اتنی شدید ہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد کرہ ارض پر ایسی شدید بمباری کسی جگہ نہیں دیکھی گئی۔
فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی کےعالمی دن کے موقعے پر ’انروا‘نے ایک پریس بیان میں کہا کہ قابض اسرائیل بغیر کسی رکاوٹ کے فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے‘‘۔
انروا نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی مشکلات اور مصائب دنیا کے کسی دوسرے علاقے کے پناہ گزینوں کی نسبت بہت طویل ہوگئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج اپنی جارحیت بند کرے اور فوری جنگ بندی کا اعلان کرے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جاری بمباری دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سےزیادہ تباہ کن اور مہلک ہے۔
انروا نے کہا کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کےناقابل تنسیخ حقوق کی حمایت جاری رکھے گی جن میں امن، سلامتی اور عزت کے ساتھ جینے کے حقوق شامل ہیں۔
خیال رہے کہ انتیس نومبر کو ہرسال فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن سنہ 1977ء سے منایا جا رہا ہے۔