Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

غزہ میں چرچ پر قابض اسرائیلی بمباری، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی شدید مذمت

نیویارک –(مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ شہر میں واقع “العائلہ المقدسہ” (مقدس خاندان) نامی کلیسا پر بمباری کو شدید ترین الفاظ میں قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبادت گاہیں اور گرجا گھر حملوں کا نشانہ نہیں بلکہ امن کے متلاشی افراد کے لیے محفوظ پناہ گاہیں ہونی چاہئیں۔

جمعرات کے روز جاری کردہ بیان میں گوتریس نے کہا کہ عبادت کی جگہوں پر حملے کسی صورت قابلِ قبول نہیں، اور جو افراد ان مقامات پر تحفظ کی تلاش میں آتے ہیں، ان کا احترام اور حفاظت کی جانی چاہیے — نہ کہ ان پر بمباری کی جائے۔

اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ہزاروں بے گناہ جانیں ضائع ہو چکی ہیں، اور فوری جنگ بندی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مغوی افراد کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے، اور عام شہریوں کے تحفظ کو ہر حالت میں یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے، اور بڑے پیمانے پر امدادی سامان فوری طور پر وہاں پہنچنے دیا جائے۔

قابض اسرائیلی فوج نے امریکہ کی کھلی پشت پناہی میں 7 اکتوبر 2023ء سے غزہ میں ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے۔ اس نسل کشی میں اندھا دھند قتل، بھوک، جبری بے دخلی، بمباری اور تباہی کے وہ مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں جو انسانیت کے لیے شرم کا باعث ہیں۔ بین الاقوامی مطالبات اور عالمی عدالت انصاف کے احکامات کے باوجود قتل و غارت گری کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔

اس اسرائیلی درندگی کے نتیجے میں اب تک 198,000 سے زائد فلسطینی شہید یا زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ گیارہ ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔ لاکھوں فلسطینیوں کو جبری طور پر اپنے گھروں سے بےدخل کر دیا گیا ہے، اور غزہ کے عوام شدید قحط کا شکار ہیں، جس کے باعث سینکڑوں بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
پورا علاقہ تباہی کا دل دہلا دینے والا منظر پیش کر رہا ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan