بیجنگ – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) چین کی وزارتِ خارجہ نے پیر کے روز غزہ پر قابض اسرائیل کی جاری خونی جنگ میں شہید ہونے والے صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ ایک المیہ ہے جو دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینا چاہیے۔
چینی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ بیجنگ ہر اس اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو عام شہریوں کو نقصان پہنچائے اور صحافیوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے جیسے پرتشدد اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔
بیان میں قابض اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ پر اپنی جارحیت فوراً بند کرے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سامان کی ترسیل مکمل اور بلا رکاوٹ بحال کرے تاکہ محصور فلسطینی عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب اتوار کی شام قابض اسرائیلی فضائیہ نے غزہ شہر کے مغربی حصے میں الشفاء ہسپتال کے سامنے قائم صحافیوں کے خیمے پر وحشیانہ بمباری کی۔ اس بزدلانہ کارروائی میں الجزیرہ چینل کے رپورٹر انس الشریف اور محمد قریقع سمیت ابراہیم ظاہر، محمد نوفل، مؤمن علیوہ اور محمد الخالدی شہید ہو گئے۔