مقبوضہ بیت المقدس – فلسطین فائونڈیشن پاکستان غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کا مطالبہ کرنے کے لیے دسیوں ہزار اسرائیلی آباد کاروں نے اتوار کی شام تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں جلوس نکالا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق، مظاہرین غزہ کی پٹی میں مزاحمت کاروں کے ہاتھوں قید مزید اسرائیلی قیدیوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے کہا کہ “تل ابیب میں ایک لاکھ سے زیادہ مظاہرین نے جلوس نکالا اور اسرائیلی ریاست میں مختلف مقامات پر متعدد سڑکوں کو بند کر دیا گیا۔”
مظاہرین نے تل ابیب میں ایک مرکزی سڑک، مقبوضہ بیت المقدس کے داخلی راستے، اور بیر سبع شہر کی ایک مرکزی سڑک کو بند کر دیا، جبکہ ہزاروں آباد کاروں نے “کرمیل” اور “ریہووت” بستیوں میں بھی مظاہرہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کا مطالبہ کرنے کے لیے جنوبی مقبوضہ فلسطین کی طرف جانے والی “عیلون” سڑک بھی بند کر دی گئی۔
مقبوضہ بیت المقدس میں مظاہرین نے شہر کے داخلی راستے کو تقریباً دو گھنٹے تک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کیے رکھا، جبکہ قابض پولیس نے نیتن یاہو کے گھر کے سامنے ایک مظاہرے کو سیکیورٹی فراہم کی، جہاں فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موجود تھا۔