غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)عبرانی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ایک اسرائیلی فوجی نے “خوفناک خواب سے بیدار ہونے” کے بعد اپنے ساتھیوں کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔
عبرانی چینل 12 نے آج بدھ کو اس بات کی تصدیق کی کہ “غزہ سے واپس آنے والے پیراٹروپرز بریگیڈ کے ایک سپاہی نے ڈراؤنے خواب سے بیدار ہونے کے بعد فائرنگ کر کے اپنے ساتھیوں کو زخمی کر دیا”۔
چینل نے وضاحت کی کہ “فوجی کا واقعہ اسرائیلی وزارت دفاع کو بھیجا گیا ہے اور اس کی صحت کی خرابی کی وجہ سے اس سے تفتیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے”۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب گذشتہ 7 اکتوبر کو “طوفان الاقصیٰ ” کی لڑائی کے آغاز کے بعد سے اعلان کردہ اسرائیلی فوجیوں اور افسران کی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جس میں زمینی مداخلت کے آغاز کے بعد سے اب تک 170 اسرائیلی فوجیوں سمیت 498 ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایک عبرانی اخبار نے تصدیق کی کہ اسرائیلی قابض فوج کے نام نہاد محکمہ بحالی نے “غزہ میں جنگ کی وجہ سے نفسیاتی امراض میں مبتلا فوجیوں کی مدد کے لیے ایک پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔”
عبرانی اخبار یدیعوت احرونوت نے گذشتہ اتوار کو “محکمہ بحالی” کے حکام کے حوالے سے کہا کہ “نرسوں اور نفسیاتی ماہرین کی ٹیمیں بنائی جائیں گی جو نفسیاتی عوارض میں مبتلا فوجیوں کا جائزہ لینے کے لیے خودکشی کے رجحانات سے نمٹ سکیں گی۔”
اخبار نے نشاندہی کی کہ 2,800 فوجیوں نے نفسیاتی بحالی کی فہرست میں شمولیت اختیار کی جن میں 3 فی صد سنگین حالت میں مبتلا ہیں، اور 18 فی صد “پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس” کی وجہ سے ذہنی مسائل کا شکار ہیں۔