معروف شیعہ رہنماؤں علامہ ناظر عباس تقوی، حسن رضا سہیل، علامہ عقیل موسیٰ، علامہ باقر حسین زیدی، رضی حیدر رضوی، علامہ نثار قلندری سمیت دیگر شیعہ رہنماؤں نے کہا ہے کہ غزه فلسطین پر امریکی سرپرستی میں اسرائیلی مظالم نے ہر دردمند انسان کے ضمیر کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے، یکجہتی امت و دفاع فلسطین ریلی شون سرکل سے بوٹ بیسن کلفٹن تک نکالی جائے گی، تمام انسان عموماً اور امت مسلمہ خصوصاً انتہائی کرب و بے چینی میں مبتلا ہے۔ کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیعہ رہنماؤں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں جبکہ پر روز اسرائیلی درندہ صفت افواج حقوق البشر اور عالمی قوانین، جنیوا کنونشین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معصوم اور بے گناہ نہتے فلسطینی عوام خصوصاً غزہ پر جو مظالم ڈھائے جارہے ہیں اس سے پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب و مکاتب اور سیاسی و مذہبی وابستگی سے بالا تر ہو کر غزہ فلسطین کے عوام، حماس اور دیگر مزاحمتی قوتوں سے اپنی محبت اور اور یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے تمام تر مذہبی مسلکی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے کل بروز اتوار 29 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے کراچی کلفٹن میں شون سرکل سے بوٹ بیس تک ہزاروں کی تعداد میں خواتین، بچے، بزرگ، علماء، سیاسی، سماجی و مذہبی رہنما ریلی کی صورت میں احتجاجی مارچ کریں گے اور پرامن رہتے ہوئے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور خواب غفلت میں پڑے ہوئے حکمرانوں کو اپنی صدا سے بیدار کرنے کی کوشش کریں گے۔ پریس کانفرنس کے ذریعہ یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ عوام کے غیظ و غصب کو آتش و شعلہ میں تبدیل ہونے سے پہلے حکمران اور خصوصاً وہ مسلم حکومتیں جو فلسطین کی سرحدوں پر موجود ہیں، اسرائیلی درندگی روکنے کیلئے موثر کردار ادا کریں۔ یہ پریس کانفرنس 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتی ہے اور ان کے حق خودارادیت کی حمایت کرتی ہے۔ اس موقع پر علامہ ناظر عباس تقوی، حسن رضا سہیل، علامہ عقیل موسیٰ، علامہ باقر حسین زیدی، رضی حیدر رضوی، علامہ نثار قلندری و دیگر بھی موجود تھے۔