غزہ – فلسطین فائونڈیشن پاکستان طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ بارہ گھنٹے کے دوران غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر قابض صہیونی فوج کی وحشیانہ بمباری میں 38 افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔
غزہ میں گورنمنٹ انفارمیشن آفس کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ صلاح الدین سکول میں قابض فوج کے ہاتھوں نئے قتل عام میں 4 شہری شہید اور 18 زخمی ہوئے۔
غزہ سول ڈیفنس کی طرف سے جاری ایک پریس بیان میں بتایا گیا ہے کہ خان یونس کے مشرق میں واقع قصبے بنی سہیلہ میں بے گھر ہونے والے افراد کے خیموں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں دو بچوں اور پانچ خواتین سمیت سات افراد شہید ہو گئے۔
بدھ کے روز جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت 13 فلسطینی شہید ہو گئے۔
ناصر میڈیکل کمپلیکس کے ایک طبی ذریعے نے اطلاع دی ہے کہ خان یونس شہر کے مشرقی علاقوں پر اسرائیلی بمباری میں 13 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ شہداء کی لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
چھ فلسطینی شہری غزہ کے مشرقی علاقوں پر الگ الگ اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر فضائی بمباری اور توپخانے سے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔
امریکی اور مغربی مدد سے صہیونی فوج نے گزشتہ برس سات اکتوبر سے غزہ میں بڑے پیمانے پر جنگ مسلط کی، جس کے نتیجے میں اب تک ایک لاکھ 33 ہزار فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زائد فلسطینی لاپتا ہیں۔