مقبوضہ بیت المقدس (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے القدس کے مقبوضہ علاقے میں قابض اسرائیلی دشمن کی حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے ایک خصوصی فوجی کارروائی انجام دی ہے۔ کارروائی میں ’فلسطین 2‘ نامی جدید ہائپر سونک بیلسٹک میزائل استعمال کیا گیا جو متعدد وارہیڈز سے لیس ہے۔
یمنی فوج نے اتوار کے روز جاری بیان میں کہا کہ یہ کارروائی اللہ کے فضل سے مکمل کامیاب رہی اور اس کے نتیجے میں لاکھوں صہیونی غاصب خوف و ہراس کے عالم میں پناہ گاہوں کی طرف بھاگ گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہم قابض اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور غزہ پر مسلط محاصرے کے خاتمے کے لیے مزاحمتی قوتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
یمنی فوج نے کہا کہ ہم میدانِ عمل میں ہونے والی پیش رفت کے مطابق اقدامات کریں گے تاکہ مظلوم فلسطینی قوم کے جائز مطالبات کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
بیان کے اختتام پر یمنی افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غزہ پر جاری قابض اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور محاصرہ اٹھائے جانے تک ان کی امدادی اور عسکری کارروائیاں جاری رہیں گی۔