غزہ – فلسطین فائونڈیشن پاکستان اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کمانڈر فواد شکر کے قتل پر لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے پہلے ردعمل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان میں ہمارے عوام کی قیمتی قربانیوں اور اس کے بہادر مزاحمت کاروں کی قربانیوں کو القسام بریگیڈز کی طرف سے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
ابو عبیدہ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر کہا کہ “حزب اللہ کی کارروائی ایک بار پھر اسرائیلی وجود کی تزویراتی حقیقت میں تبدیلی کی تصدیق کرتی ہے، جب سے طوفان الاقصیٰ نے دشمن کے ناقابل تسخیر ہونے کے دعوے کو پاش پاش کیا۔ اس کے بعد ہر محاذ دشمن کے خلاف سرگرم ہے اور اسرائیلی جارحیت رکنے تک تمام محاذوں سے دشمن پر حملے جاری رہیں گے۔”
ابو عبیدہ نے زور دے کر کہا کہ جب تک ہمارے عوام کے خلاف جارحیت جاری رہے گی، دشمن کے سامنے تمام محاذ آگ برساتے رہیں گے۔
حزب اللہ نے اتوار کے روز صبح اعلان کیا کہ اس نے صہیونی ریاست کے اندر گہرائی تک مخصوص فوجی اہداف پر بڑی تعداد میں ڈرونز کے ساتھ حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں شمالی مقبوضہ فلسطین میں متعدد مقامات، اسرائیلی فوجی چھاؤنیوں اور آئرن ڈوم پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا۔