غزہ – فلسطین فائونڈیشن پاکستان قابض اسرائیلی فوج نے امریکی اور مغربی اسلحے سے غزہ میں ایک تازہ اجتماعی قتل عام کیا ہے، جس کے نتیجے میں مزید 12 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
اس قتل عام میں قابض فوج نے غزہ شہر کے مغرب میں الرمل محلے میں بے گھر افراد کے ایک اسکول پر جنگی طیاروں سے بمباری کی، جس کے نتیجے میں وہاں موجود بچوں اور خواتین سمیت 12 شہری شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔
غزہ کے سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے بے گھر افراد پر مشتمل مصطفیٰ حافظ اسکول پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 12 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
سول ڈیفنس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اسکول میں 700 سے زیادہ بے گھر افراد کو پناہ فراہم کی گئی تھی، جنہوں نے 10 ماہ قبل شہر پر بمباری کے بعد وہاں پناہ لی تھی۔
سول ڈیفنس نے مزید اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے حالیہ عرصے کے دوران غزہ کی پٹی میں 9 اسکولوں پر بمباری کی ہے جہاں سینکڑوں بے گھر افراد رہائش پذیر ہیں۔
10 اگست کو قابض فوج نے غزہ کے مشرق میں واقع درج محلے میں الصحابہ کے علاقے میں “التابعین” اسکول میں بے گھر ہونے والے شہریوں کے خلاف ایک ہولناک قتل عام کیا، جس میں 100 سے زائد شہری شہید اور 150 زخمی ہوگئے۔
4 اگست کو غزہ شہر کے مغرب میں واقع النصر محلے میں النصر اور حسن سلامہ اسکولوں پر بمباری کے نتیجے میں 30 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر بچے تھے۔