غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) قابض اسرائیلی فوج کی درندگی کے نتیجے میں اتوار کی شام دو فلسطینی شہری جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ایک شمال مغربی رفح میں اور دوسرا خان یونس کے مشرقی علاقے معن میں قابض فوج کی گولیوں کا نشانہ بنا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق، رفح کے شمال مغربی علاقے میں ایک شہری اس وقت شہید ہوا جب وہ اپنے تباہ شدہ گھر کا حال دیکھنے واپس لوٹا تھا۔ اسی طرح خان یونس کے مشرقی علاقے معن میں اتوار کی شام قابض اسرائیلی فوج کی گولیوں سے ایک اور فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا۔
فلسطینی وزارتِ صحت نے اتوار کو جاری بیان میں بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے مختلف ہسپتالوں میں 124 شہداء کی لاشیں لائی گئیں جن میں سے 117 شہداء کو ملبے تلے سے نکالا گیا، جبکہ 33 زخمی بھی مختلف زخموں کے ساتھ ہسپتالوں میں لائے گئے۔
فلسطینی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلط کی گئی فوجی جارحیت کے آغاز یعنی 7 اکتوبر سنہ2023ء سے اب تک شہداء کی تعداد 67 ہزار 806 تک جا پہنچی ہے، جبکہ 1 لاکھ 70 ہزار 66 فلسطینی مختلف درجے کے زخموں سے دوچار ہوئے ہیں۔