نیو یارک (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر) نے امریکی میڈیا اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں صحافیوں پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کریں۔
یہ بات پیر کو کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں سامنے آئی ہے، جو صحافیوں حسام شبات اور محمد منصور کی اسرائیلی حملوں میں شہادت کے بعد کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ریاستہائے متحدہ اور دنیا بھر کے میڈیا اداروں سے غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں الجزیرہ کے صحافی حسام شبات اور فلسطین ٹوڈے کے صحافی محمد منصور کے قتل کی مذمت کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ غزہ میں صحافیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور قتل کیا جا رہا ہے کیونکہ وہ پٹی میں اسرائیل کی سفاکیت کو اجاگر کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ “مسلم، فلسطینی اور غیر سفید فام صحافیوں کی زندگی میڈیا اداروں کے لیے اتنی ہی اہمیت کی حامل ہونی چاہیے جتنی کہ سفید فام، یورپی یا عیسائی صحافیوں کی زندگیاں اہم ہیں”۔
دونوں صحافیوں کی شہادت کے بعد غزہ کی پٹی میں سرکاری میڈیا آفس نے اعلان کیا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینی صحافیوں کی تعداد 208 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق 18 مارچ کو نسل کشی کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل کی جارحیت سے 730 فلسطینی شہید اور 1,367 دیگر زخمی ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔