لشبونہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانگیل نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک باضابطہ طور پر “ریاستِ فلسطین” کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ براہ راست 18 ستمبر کو کابینہ میں ہونے والی مشاورت کا نتیجہ ہے۔
رانگیل نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ پرتگال “دو ریاستی حل” کو ہی پائیدار امن کا واحد راستہ سمجھتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس مؤقف سے قابض اسرائیل کے وجود کے حق پر سوال نہیں اٹھتا۔
گذشتہ جمعہ پرتگال کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ اتوار کو باضابطہ طور پر فلسطین کو تسلیم کیا جائے گا۔
اسی روز آسٹریلیا، کینیڈا اور برطانیہ نے بھی فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا جو عالمی سطح پر دو ریاستی حل کو عملی شکل دینے کی کاوشوں کا حصہ ہے۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں پرتگال کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دوست ملک کا یہ اقدام ایک جرات مندانہ فیصلہ ہے جو بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور امن کی کوششوں سے مکمل ہم آہنگ ہے۔
وزارت خارجہ نے ان ممالک سے مطالبہ کیا جو ابھی تک فلسطین کو تسلیم نہیں کر پائے کہ وہ بھی فوری طور پر ایسا قدم اٹھائیں تاکہ دو ریاستی حل کو تحفظ دیا جا سکے۔ وزارت نے دنیا کو متحرک ہو کر اس جنگ کو فوری طور پر روکنے، شہریوں کی حفاظت کرنے اور سیاسی مذاکراتی عمل کے ذریعے قابض اسرائیل کے قبضے کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے پر زور دیا۔