Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

جنین : قابض اسرائیل کی فائرنگ سے نوجوان شہید

جنین (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) جنین کے جنوب میں واقع بلدہ عنزہ میں قابض اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔ دوسری جانب آج صبح سے ہی مغربی کنارے کے وسط میں رام اللہ کے شمال مشرقی علاقے ترمسعیا پر بھی صہیونی فوج کا دھاوا جاری ہے جہاں گھروں پر چھاپے اور میدانی تفتیش کی جا رہی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ 24 سالہ احمد جهاد براہمہ قابض اسرائیلی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہوگئے۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ شہید احمد براہمہ کو کمر میں گولی لگی تھی جس کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔

قابض اسرائیلی فوج نے آج بدھ کی صبح جنین کی متعدد بستیوں پر چڑھائی کی اور اپنی بھاری مشینری اور بکتر بند گاڑیاں صانور قصبے میں داخل کر دیں۔ فوجی سڑکوں پر پھیل گئے جس کے باعث بچوں کی زندگیوں کو لاحق خطرے کے پیش نظر سکولوں میں تدریسی عمل معطل کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے صبح کے وقت یعبد قصبے سے انخلا کیا جو جنین کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔ فوج نے وہاں کئی گھروں پر دھاوا بولا جن میں بلدیہ کے سربراہ امجد عطاطرہ کا گھر بھی شامل تھا۔ قابض اہلکاروں نے گھروں کی تلاشی لی اور مکینوں سے موقع پر ہی پوچھ گچھ کی۔

مقامی ذرائع نے مزید بتایا کہ یعبد قصبے میں سکولوں کو صبح 9 بجے تک تاخیر سے کھولنا پڑا کیونکہ بلدیہ چھ روز سے قابض اسرائیل کے محاصرے میں ہے۔ صہیونی فوج نے اس کے داخلی راستے مٹی کے ڈھیروں سے بند کر دیے ہیں اور ساتھ ہی قریبی دیہات پر دھاوا بول کر سڑکوں پر پھیل گئی ہے۔

اسی طرح قابض اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے مشرق میں واقع ترمسعیا قصبے پر یلغار جاری رکھی ہوئی ہے اور قصبے کی گلیوں میں فوجی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق صہیونی فوج نے درجنوں گھروں پر دھاوا بول کر ان کے دروازے توڑ ڈالے، چاہے وہ آباد ہوں یا خالی۔ اس دوران 20 سے زیادہ گاڑیاں ضبط کر کے ایک مکان کے صحن میں کھڑی کر دی گئیں۔ کئی خاندانوں کو بتایا گیا ہے کہ یہ یلغار کم از کم 48 گھنٹے تک جاری رہے گی۔

قابض اسرائیل کی غزہ میں جاری نسل کشی کے ساتھ ساتھ مغربی کنارے میں بھی قتل عام جاری ہے۔ سرکاری فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق اب تک مغربی کنارے میں صہیونی فوج اور آبادکاروں نے 1044 فلسطینیوں کو شہید کیا، 10 ہزار 160 کو زخمی کیا اور 19 ہزار سے زائد کو گرفتار کر لیا ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan