غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن )اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈزنے قابض اسرائیل کو خبردار کیا کہ اگر اس کا غزہ پر حملہ جاری رہا تو اس کے قیدی فوجیوں کی زندگیاں خطرے میں ہوں گی۔ صہیونی فوج کے مسلسل بمباری اور تباہی مچانے نے صورت حال کو انتہائی نازک بنا دیا ہے۔
القسام بریگیڈز نے امریکی شہریت رکھنے والے صہیونی فوجی “عیدان الیگزینڈر” کی ایک نئی ویڈیو جاری کی جسے مئی میں رہا کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح القسام مجاہدین نے اسے کئی بار قابض اسرائیل کی بمباری سے بچایا۔ پیغام میں کہا گیا: “تم واپس جا رہے ہو اس فوج میں جو خود تمہیں قتل کرنے پر تلی ہوئی تھی، جبکہ تمہیں ہم نے بچایا۔ یاد ہے؟”
ویڈیو میں القسام نے وہ لمحات دکھائے جب عیدان الیگزینڈر غزہ میں ایک سرنگ کے انہدام کے بعد ملبے تلے دب گیا تھا اور القسام کے مجاہدین نے نہایت احتیاط سے اسے زندہ نکالا۔ یہ منظر القسام کی اس صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ دشمن کے قیدیوں کی زندگیاں محفوظ رکھ سکتی ہے اور انہیں ایک ایسے موقع پر استعمال کر سکتی ہے جو جنگ کے خاتمے اور ہمارے اسیران کی رہائی کا سبب بنے۔
ویڈیو کے ایک اور حصے میں عیدان الیگزینڈر کی زندگی کے وہ مناظر بھی دکھائے گئے جو رہائی کے بعد اس نے گزارے۔ وہ خوشی سے سمندر کے کنارے اپنی آزادی کے لمحوں کو یاد کرتا نظر آتا ہے۔ یہ پہلو اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ قید کے بعد انسانی زندگی کی قدر اور آزادی کی اہمیت کس قدر بڑھ جاتی ہے۔
القسام نے اپنے پیغام کے اختتام پر واضح کیا: “تبادلے کی ڈیل کا مطلب ہے آزادی اور زندگی، اور فوجی دباؤ کا نتیجہ ہے موت اور ناکامی”۔ اس پیغام میں صاف کہا گیا کہ صہیونی قیدیوں کی اپنے خاندانوں میں واپسی کا واحد محفوظ راستہ صرف اور صرف حقیقی تبادلہ ہے، جبکہ قابض اسرائیل کے فوجی دباؤ اور درندگی کا نتیجہ مکمل ناکامی اور موت ہو گا۔