غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’انروا‘نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس میں بارش کے پانی نے 100 سے زائد خیموں کو ڈبو دیا۔
’انروا‘ نے ایک بیان میں مزید کہا کہ غزہ کے ساحل پر رہنے والے 500 فلسطینی خاندان مشکل حالات سے دوچار ہیں۔
ایک انتہائی تیز بارش نے دو روز سے فلسطینی علاقوں کو نشانہ بنایا جس نے غزہ کی پٹی میں بے گھر ہونے والے لوگوں کے مصائب کو دوگنا کر دیا ہے۔ غزہ کی پٹی میں فلسطینی سول ڈیفنس سروس نےبتایا اسے بے گھر لوگوں کی طرف سے سیکڑوں تکلیف کی کالیں موصول ہوئی ہیں جن کے خیمے اور پناہ گاہیں بارش کے پانی سے بھر گئی ہیں۔ وہ اپنے بچوں کو بچانے کی التجا کر رہے ہیں۔