لاہور (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں کسی بھی سطح پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ پاکستانی قوم کی ریڈ لائن ہوگی، جماعت اسلامی ایسی کسی بھی کوشش کی بھرپور مزاحمت کرے گی
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے، اسرائیل اور بھارت مل کر قبضے کی پالیسیاں چلا رہے ہیں۔ فلسطین میں جاری قتل عام پر عرب ممالک اور او آئی سی کی خاموشی مجرمانہ ہے، انہیں چاہیے کہ اسرائیل کو دہشت گردی بند کرنے کے لیے واضح دھمکی دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چند وزراء امریکا کی خوشنودی کے لیے اسرائیل سے بات چیت یا تسلیم کرنے کی باتیں کر رہے ہیں، حالانکہ امریکا اور اسرائیل کا کردار فلسطین میں کھل کر سامنے آ چکا ہے۔ روزانہ درجنوں فلسطینیوں کو شہید کیا جا رہا ہے، بچوں اور خواتین پر بمباری کی جا رہی ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ جیسے لوگ اسرائیل کو امداد دے کر خود کو امن کا چیمپیئن ظاہر کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ حکومت واضح کرے کہ اس کی اسرائیل سے متعلق پالیسی کیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا بیان دینے والوں کو کس نے یہ حق دیا ہے، حکومت کا اسرائیل کو تسلیم کرنا یا ابراہم معاہدے کی طرف بڑھنا بھی ہماری ریڈ لائن ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ امریکا کے کہنے پر اس معاملے پر پیشرفت کرنے والا عبرت کا نشان بنے گا، اسرائیل کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، عرب ممالک بتائیں الیکشن جیتنے پر حماس کو اقتدار کیوں نہیں دیا گیا، اسرائیل کو ناکام ہوتے ہوئے دیکھ چکے ہیں۔