غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غاصب اسرائیلی ریاست کے بے رحم محاصرے اور جاری نسل کشی کے باوجود شمالی غزہ میں انسانی ہمدردی کا ایک درخشاں لمحہ اُس وقت سامنے آیا جب فلسطینی قبائل کی سکیورٹی اور جرأت کے نتیجے میں امدادی ٹرکوں کا ایک قافلہ بحفاظت شمالی غزہ میں داخل ہوا۔
مقامی ذرائع کے مطابق امدادی سامان سے لدی کئی گاڑیاں “زیکیم” کے علاقے سے شمالی غزہ میں داخل ہوئیں۔ یہ قافلہ فلسطینی قبائل کی جانب سے فراہم کردہ سکیورٹی کے بعد اپنی منزل تک پہنچا، جو اہل غزہ کے لیے زندگی کی رمق بن کر اُبھرا۔
فلسطینی قبائل کی اعلیٰ کمیٹی برائے قبائلی اُمور کے سربراہ شیخ ابو سلمان المغنی نے اپنے بیان میں اس موقع پر قبائلی مردانِ حُر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی قوم کا ساتھ دے کر عظمت و عزت کا علم بلند رکھا۔ انہوں نے کہاکہ “یہ وہ مرد ہیں جنہوں نے غیرت اور وفا میں پرورش پائی، جن کے سینے حمیت سے لبریز ہیں، جو کسی بھی وقت اپنی قوم کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہو جاتے ہیں”۔
شیخ المغنی نے مزید کہا کہ قبائل کی یہ کاوش محض زمینی کارروائی نہیں بلکہ تاریخ میں ثبت ہونے والا ایک فخر انگیز موقف ہے۔ یہ ان کا خالص وفا، جرأت اور اجتماعی استقامت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا، “آپ ہی وہ قوت ہو جو معاشرے کے اتحاد کی اساس ہے، اور ثابت قدمی کی پہچان ہو۔”
ادھر فلسطینی قبائل، خاندانوں اور عشائر کے قومی اتحاد نے ایک بیان میں کہا کہ قبائل نے اقوام متحدہ کی متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے امدادی قافلوں کو تحفظ دینا شروع کیا ہے، تاکہ فلسطینی عوام کی جانیں محفوظ رہیں اور امدادی سامان کی لوٹ مار و بد نظمی کو روکا جا سکے۔
بیان میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ امدادی ٹرکوں کے راستوں اور غیر منظم امدادی تقسیم کے مراکز کا رُخ نہ کریں کیونکہ ایسے مقامات پہلے بھی بے شمار معصوم جانوں کے قتل کا ذریعہ بنے ہیں۔
قبیلائی اتحاد نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ امدادی سامان کی تقسیم بین الاقوامی اداروں کے ذریعے شفاف اور فوری انداز میں، بغیر کسی امتیاز کے کی جائے گی تاکہ ہر مستحق خاندان تک یہ پہنچے اور اس عمل میں کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔
بیان میں یہ بھی سختی سے کہا گیا کہ جو بھی امدادی سامان پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کرے گا، وہ دراصل فلسطینی قوم کے خلاف اور قابض اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہوگا، اور ایسے تمام افراد کو ان کے سنگین جرائم کی مکمل ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔