Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

قابض اسرائیل نے ہزاروں فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں نمازِ جمعہ سے روک دیا

مقبوضہ بیت المقدس   (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے آج جمعہ کے روز ہزاروں فلسطینی نمازیوں کو قبلۂ اول مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔ صرف چند سو افراد کو داخلے کی اجازت دی گئی، جب کہ باقیوں کو دروازوں پر زبردستی واپس لوٹا دیا گیا۔

عینی شاہدین نے ترک خبررساں ادارے اناطولیہ کو بتایا کہ قابض فوج نے نمازِ فجر سے قبل ہی پرانے شہر کے داخلی راستوں اور مسجد اقصیٰ کے تمام بیرونی دروازوں پر اپنی بھاری نفری تعینات کر دی تھی۔ ان کے مطابق ہزاروں افراد نے مسجد تک پہنچنے کی کوشش کی لیکن قابض اسرائیلی اہلکاروں نے اُنہیں زبردستی روک لیا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ صرف تقریباً 450 افراد کو مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد اقصیٰ کے بڑے بڑے صحنوں اور خواتین کی نمازگاہیں مکمل طور پر خالی دکھائی دے رہی تھیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ پابندی ایک سوچی سمجھی جارحیت ہے۔

بدھ کی شب قابض اسرائیلی فوج نے چھ دن کی مکمل بندش کے بعد مسجد اقصیٰ کے دروازے جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ پابندی اس بہانے لگائی گئی تھی کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے باعث اجتماعات پر پابندی ہے۔

قابض فوج کی یہ پابندیاں کوئی نئی بات نہیں۔ مسجد اقصیٰ پر قابض اسرائیل نے سنہ2023ء کے 7 اکتوبر کو غزہ کے خلاف شروع کی جانے والی نسل کشی کی جنگ کے بعد سے سخت ترین پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جو جمعہ کے روز مزید سخت کر دی جاتی ہیں۔

یہ سب کچھ اُس وقت ہو رہا ہے جب قابض اسرائیلی فوج اور صہیونی آباد کار مغربی کنارے میں، بشمول مقبوضہ مشرقی بیت المقدس، فلسطینیوں، ان کی عبادت گاہوں اور املاک پر حملے تیز کرتے جا رہے ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں اب تک 980 فلسطینی شہید، تقریباً 7000 زخمی اور 17500 سے زائد افراد کو قید کیا جا چکا ہے۔

ادھر غزہ میں جاری وحشیانہ نسل کشی کے نتیجے میں 186 ہزار سے زائد افراد شہید و زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت معصوم بچوں اور خواتین کی ہے۔ 11000 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں، جب کہ لاکھوں فلسطینی اپنے گھروں سے بے دخل کیے جا چکے ہیں۔ شدید قحط نے متعدد بچوں اور بزرگوں کی جانیں لے لی ہیں۔

قابض اسرائیل کا مسجد اقصیٰ پر تسلط اور فلسطینیوں کو عبادت سے روکنا نہ صرف مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ ایک وحشیانہ پیغام بھی ہے کہ وہ فلسطینیوں کے عقیدے، وقار اور وجود کو روندنے پر تُلا ہوا ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan