بیروت (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنانی وزارت صحت نے کہا ہے کہ “لبنانی دارالحکومت بیروت کے مرکز میں ایک عمارت پر قابض فوج کی بمباری میں 18شہری شہید اور 92 زخمی ہوئے ہیں”۔
جمعرات کی شام قابض اسرائیلی فوج کے طیاروں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے وسط میں واقع راس النبع اور البسطہ محلوں پر دو حملے کیے تھے۔
ویڈیو کلپس میں کئی منزلوں پر مشتمل عمارت سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
لبنانی خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ قابض اسرائیلی فوج نے بیروت میں راس النبع النویری کے علاقے کو نشانہ بنایا جس کے بعد ایمبولینسیں فوری طور پر علاقے میں پہنچ گئیں، جب کہ علاقے کے آسمان پر دھویں کے بادل چھا گئے”۔
ترکیہ کی اناطولیہ نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ “قابض فوج کے طیاروں نے بیروت کے قلب میں واقع راس النبع اور بسطہ محلوں پر دو حملے کیے، اور ایک گنجان آباد علاقے میں ایک عمارت سے دھویں کےبادل بلند ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
قابض صہیونی فوج نے بین الاقوامی انتباہات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گذشتہ 23 ستمبر سے لبنان اور دارالحکومت بیروت کے خلاف اپنی جامع جارحیت جاری رکھی ہوئی ہے۔
بدھ کی شام تک چھاپوں کے نتیجے میں 1,323 افراد شہید اور 3,698 دیگر زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔2 ملین سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔