اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا ہے کہ مغربی حکومتیں بالخصوص امریکہ اور برطانیہ اسرائیل کو ڈوبنے سے نہیں بچا سکتیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پی ایل ایف اسلام آباد چیپٹر کے اراکین مرتضیٰ عباس اور شجاعت علی بھی موجود تھے۔
مفتی گلزار نعیمی کا کہنا تھا کہ آٹھ ماہ کی جنگ نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی مزاحمتی تحریکوں حماس اور جہاد اسلامی نے مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یمن کے انصار اللہ اور لبنان کے حزب اللہ سمیت عراقی مزاحمتی گروہوں نے غزہ کے ساتھ یکجہتی کے لئے اپنی ذمہ داری کو انجام دیا ہے۔ آج غاصب اسرائیل کو مزاحمتی گروہوں کے ہاتھوں شکست ہو رہی ہے۔ یہ پوری فلسطینی قوم اور مسلم اُمّہ سمیت دنیا بھر کے حریت پسندوں کی کامیابی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں فلسطین فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے لئے بہترین خدمات انجام دے رہی ہے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علماء و مذہبی رہنماؤں کی درست راہنمائی سے آج پاکستان میں فلسطین کاز اجاگر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ فلسطین سے متعلق بیداری کو نوجوانوں میں پیدا کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے مستقبل میں فلسطین کاز کی حمایت سے متعلق متعدد پروگراموں کے انعقاد کی عملی شکل پر گفتگو کی اور ملک بھر میں مشترکہ تعاون کے ساتھ فلسطین کاز کو اجاگر کرنے کی کوششوں پر اتفاق کیا۔ ڈاکٹر صابر ابو مریم نے مفتی گلزار نعیمی کا شکریہ ادا کیا اور عید الاضحی کی مبارکباد بھی دی۔