Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

پی ایل ایف نیوز

امریکہ کا غزہ میں نسل کشی جاری رکھنے کا اعلان

تحریر: ڈاکٹر صابر ابو مریم
سیکرٹری جنرل فلسطین فائونڈیشن پاکستان
غزہ میں جاری نسل کشی کو روکنے کے لئے دنیا بھر میں اضطراب پایا جاتاہے۔ دنیا بھر کے انسانوں کی زبان پر ایک ہی بات دہرائی جا رہی ہے کہ غزہ میں نسل کشی کا ذمہ دار امریکہ یعنی امریکی حکومت ہے۔یہ بات اس لئے دہرائی جا رہی ہے کیونکہ امریکی حکومت غاصب صیہونی حکومت اسرائیل کے لئے اربوں ڈالر کا اسلحہ او ر ملٹری مدد فراہم کرنے میں پیش پیش ہے۔ امریکی حکومت کے عہدیدار اور سینیٹرز سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر کھلم کھلا لکھتے ہیں کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ہیں اور غزہ میں جاری نسل کشی کی بندش سے ان کو کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
مورخہ 20نومبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرار داد پیش کی گئی ہے جس میں غزہ میں فی الفور جنگ بندی کی بات کی گئی تھی تاہم سلامتی کونسل کے پندرہ اراکین میں سے 14اراکین نے قرار داد کے حق میں ووٹ دیا اور عالمی برادری کو پابند بنانے کی کوشش کی کہ غزہ میں جاری نسل کشی کو بند کروایا جائے اور جنگ بندی کی جائے ۔ پندرہ میں سے صرف ایک رکن امریکی حکومت نے اس قرار داد کے خلاف ووٹ دیا یعنی اس کو ویٹو کر دیا جس کے باعث یہ قرار داد بھی پہلی والی قراردادوں کی طرح ردی کی ٹوکری میں چلی گئی ہے۔
غزہ میں جنگ بندی کی قرار داد کو سلامتی کونسل کے دس غیر مستقل اراکین کی جانب سے پیش کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ غزہ میں فی الفور جنگ بندی کی جائے اور مقبوضہ فلسطین میں قید تمام قیدیوں کو رہائی دے کر غزہ کے لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو محفوظ کیا جائے ۔ سلامتی کونسل کے مستقل اور غیر مستقل اراکین میں سے 14اراکین قرار داد کے حق میں ووٹ دے چکے تھےتاہم امریکہ نے ہمیشہ کی طرح غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی حمایت کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کی اس قرار داد کو مسترد کر دیا ۔
امریکی حکومت جو دنیا بھر میں حکومتوں کو اور عوام کو جمہوریت اور آزادی جیسے کھوکھلے نعروں کا درس دیتی ہے اس کی اپنی جمہوریت کا حال یہ ہے کہ انسانیت کے قتل عام پر کھڑی ہے۔ پوری دنیا آج غزہ میں ہونے والی نسل کشی پر مضطر ب ہے لیکن یہ امریکی حکومت ہے کہ جو غاصب صیہونی حکومت کو نہ صرف جنگی اسلحہ و ساز و سامان فراہم کر رہی ہے بلکہ دنیا میں غزہ کی جنگ بند کروانے کی کوششوں کا گلا بھی ویٹو جیسی طاقت کا استعمال کر کے گھونٹ رہی ہے۔
امریکی حکومت کے ان اقدامات سے پوری دنیا اور خاص طور پر امریکی عوام کے سامنے اپنے حکمرانوں کا چہرہ کھل کر سامنے آ چکا ہے۔ امریکہ کے غیرت مند شہری غزہ میں ہونے والی نسل کشی پر سراپا احتجاج ہیں لیکن جمہوریت کا دعویٰ کرنے اور دنیا کو جمہوریت کا درس سکھانے والی امریکی حکومت اپنی ہی جمہور کی رائے اور خواہشات کے بر خلاف غاصب صیہونی حکومت اسرائیل کی مدد کرنے میں مصروف ہے تاکہ غزہ میں معصوم انسانوں کا قتل عام جاری رہے۔
بہر حال اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی قرار داد منظور ہوئے بغیر ناکام ہو گئی ہے۔ یہ صرف سلامتی کونسل کی نہیں بلکہ پوری اقوام متحدہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ اقوام متحدہ کی اپنی حیثیت اور کارکردگی پر بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔دنیا اقوام متحدہ کی طرف اپنی امید وں کو چھوڑ رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اقوام متحدہ صرف ایک ناکام ادارہ اور اقوام عالم پر بوجھ بن چکی ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 کے اوائل سے، غاصب اسرائیل دو محاذوں پر وحشیانہ جارحیت کر رہا ہے جس میں اب تک غزہ کی پٹی میں کم از کم 50 ہزار سے زائد اور لبنان میں 5ہزار سے زائد افرادشہید ہو چکے ہیں۔دسیوں ہزار زخمی ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں بے گھر ہو چکے ہیں۔ ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔غاصب صیہونی حکومت اسرائیل کے مہلک حملوں نے غزہ کی تقریباً پوری آبادی اور لبنان کے پانچویں حصے سے زیادہ باشندوں کو بے گھر کر دیا ہے۔اس بد ترین تباہی میں بھی اگر دنیا میں کوئی حکومت جنگ کو بڑھاوا دے رہی ہے تو وہ صرف اور صرف امریکی حکومت ہے۔
امریکی حکومت کے اقدامات سے ثابت ہو چکا ہے کہ یہ انسان دشمن حکومت ہے جو غزہ اور لبنان سمیت دنیا میں کہیں بھی انسانوں کی نسل کشی کے لئے ساز و سامان اور اسلحہ تو فراہم کرتی ہے لیکن نعروں میں انسانی حقوق کے تحفظ کا واویلا کرتی ہے۔ پوری دنیا اور امریکی عوام ان امریکی حکمرانوں کے مکروہ اور سیاہ چہروں سے واقف ہو چکے ہیں۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری دنیا میں لوگ اپنے اپنے ممالک میں ایک ہی نعرے کو بلند کریں کہ غزہ اور لبنان میں جاری نسل کشی اورجارحیت کی ذمہ دار امریکی حکومت ہے ۔صرف اس نعرے کی مدد سے دنیا بھر کے عوام کو آگہی فراہم کی جائے اور دنیا کی حکومتوں پر دبائو بڑھایا جائے کہ وہ امریکی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات کو محدود کریں اور امریکی حکومت سے مطالبہ کریں کہ وہ غزہ میں جاری نسل کشی کو ختم کرے اور جنگ بند کرے۔غزہ اور لبنان کے ہزاروں بے گناہوں کا خون امریکی حکومت کے ہاتھوں پر ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan