اسلام آباد(مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن )قومی فلسطین کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری فلسطین کو فوری طور پر آزاد ریاست اور بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت تسلیم کرے۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں، غزہ کے شہریوں کے لئے خوراک، ادویات اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اقوام متحدہ اور دیگر ادارے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے اقدامات کریں۔
قومی فلسطین کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق عالمی برادری اسرائیل پر دباؤ ڈال کر مزید بمباری کو رکوائے، سفارتی ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے، مسلم دنیا اہل فلسطین کی بنیادی ضروریات کے لئے “عالمی فلسطین فنڈ” قائم کیا جائے۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق حکومت پاکستان مسئلہ فلسطین کے لیے اپنا سیاسی کردار ادا کرے، فلسطین میں جنم لیتے انسانی المیے پر عالمی طاقتوں کی مجرمانہ چشم پوشی پر احتجاج کرتے ہیں۔
قومی فلسطین کانفرنس میں کہا گیا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو جنگی جرائم کے ذمے داروں کو کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے، فلسطینی تنازعے کا حقیقی اور پائیدار حل تلاش کیا جائے۔