اسلام آباد(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) پاکستان نے ایک مرتبہ پھر غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت اور بین الاقوامی برادری سے فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا اپنا دیرینہ مطالبہ دہرایا ہے۔
” پاکستان بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے اور فلسطینی شہریوں کو اس کے ظلم و ستم سے بچانے کے لیے فیصلہ کن اقدام کرے۔”
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ میں المعمدانی ہسپتال پر بمباری کی شدید مذمت کرتا ہے، طبی سہولیات کو نشانہ بنانے کے اس حملے میں بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی کی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اسرائیل کے جاری مظالم کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم اور غیر مسلح فلسطینیوں کی شہادتیں اور انفرا اسٹرکچرکی منظم تباہی ہوئی ہے۔
اسرائیل کے مسلسل حملوں نے غزہ کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مفلوج کر دیا ہے، جس سے انتہائی بیمار مریض طبی امداد سے محروم ہو گئے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد کی ناکہ بندی کے ساتھ مل کر یہ اقدامات مصائب کو طول دینے اور تنازعات کو بڑھانے کی ایک دانستہ حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں۔