اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے غزہ اور رفح میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور بربریت کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے فلسطین کی صورتحال کے حوالے سے خطاب میں کہا کہ غزہ میں بربریت کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 36 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، شہدا میں ہزاروں بچے اور بچیاں شامل ہیں، غزہ کے بعد رفاہ میں بھی بدترین حملے شروع ہو چکے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت ابھی تک اسرائیل کو مظالم اور زیادتی سے روک نہ سکی، 8 ماہ بعد بھی اسرائیل کی خون بہانے کی پیاس ختم نہیں ہوئی، فلسطین میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، ایسا منظر آنکھوں نے پہلے نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ عالمی عدالت کے فیصلوں کو پامال کیا جارہا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پامال کیا جارہا ہے، عالمی طاقتیں فلسطینیوں کو ان کے حقوق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔