الخلیل (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جنوبی مغربی کنارے کے الخلیل کے قریب واقع قصبے سعیر میں منگل کی شام قابض اسرائیلی فوج نے گولیاں مارکر ایک فلسطینی کو شہید اور ایک لڑکی سمیت تین افراد کو زخمی کردیا۔
طبی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے نتیجے میں 19 سالہ عبداللہ مراد حسین الفروخ شہید ہوگیا۔ اسے اسرائیلی فوجیوں نے گولیاں مار کر شدید زخمی کیا جس کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
قبل ازیں فلسطینی ہلال احمر نے مرکز اطلاعات فلسطین تک پہنچنے والے ایک بیان میں بتایا تھا کہ ایک نوجوان کے سینے میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوا ہے۔۔ اس کے علاوہ ایک اور نوجوان کے پیٹ اور دیگراعضاء میں گولیاں لگیں۔ اس دوران ایک لڑکی کے سر میں گولی لگی ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔
فلسطینی ہلال احمر نے اعلان کیا کہ اس کے عملے نے الخلیل کے قریب سعیر میں ایک نوجوان کو طبی امداد فراہم کی جس کے پیٹ میں گولی لگی تھی اور اسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
قابض فورسز نے سعیر سے ملحقہ قصبے الشیوخ پر دھاوا بولنے کے بعد شہریوں پر براہ راست گولیاں برسائیں۔
سعیر قصبہ قابض اسرائیلی فوج کے بار بار چھاپوں اور حملوں کے نشانے پر ہے۔