بیروت (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن)منگل کے روز لبنان کے نگراں وزیر اعظم نجیب میقاتی نے وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب سے کہا ہے کہ وہ “اسرائیل کی طرف سے لبنان کی خودمختاری کو کھلم کھلا نشانہ بنائے جانے” کے پس منظر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک فوری شکایت پیش کریں۔
لبنانی وزیر اعظم نے ایک پریس بیان میں کہا کہ “یہ اقدام لبنانی خودمختاری کی تمام نئی اسرائیلی خلاف ورزیوں کے علاوہ، بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں کل شام ہونے والے بمباری کے بعد کیا گیا ہے”۔
اس سے قبل آج میقاتی نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں ہونے والے دھماکے کا ذمہ دار ہے، جس کے نتیجے میں حماس کے نائب صدر صالح العاروری اور القسام بریگیڈ کے متعدد رہنما شہید ہو گئے۔
میقاتی نے کہا کہ “یہ دھماکہ ایک نیا اسرائیلی جرم ہے جس کا مقصد یقینی طور پر لبنان کو جنوب میں روزانہ ہونے والے حملوں کے بعد محاذ آرائی کے ایک نئے مرحلے میں لانا ہے، جس میں بڑی تعداد میں شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “یہ حملہ یقینی طور پر لبنان کی خود مختاری پر ہے۔ ہم غزہ جنگ کو پھیلنے سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ دوسری طرف اسرائیل اپنی اس ننگی جارحیت کو پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز بیروت میں حماس کے دفترپر اسرائیلی ڈرون سے کیے گئے حملے میں حماس کے نائب صدر الشیخ صالح العاروری سمیت کم سے کم چھ فلسطینی کمانڈر شہید ہوگئے تھے۔