دوحا – (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن )اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ “الاقصیٰ فلڈ” آپریشن غزہ سے شروع ہوا اور یہ مغربی کنارے اور بیرون ملک اور ہر اس جگہ تک پھیلے گا جہاں ہمارے لوگ اور قوم موجود ہے۔
ھنیہ نے ایک پریس بیان میں زور دے کر کہا کہ فلسطینی مزاحمت ان تاریخی لمحات میں جرات اور بہادری کی تاریخ رقم کرنے میں مصروف ہے جس کا عنوان الاقصیٰ ہے۔ یہ جنگ ہمارے مقدس مقامات اور ہمارے قیدیوں کی رہائی کی جنگ ہے۔
اس کی مرکزی اور بنیادی وجہ صہیونی ریاست کی مجرمانہ سرگرمیاں اور جارحیت ہے جو فلسطینیوں کے خلاف ہر سطح پر جاری ہے۔مسجد اقصیٰ مبارک کے خلاف دشمن کی جارحیت اس وقت گذشتہ دنوں میں اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے جب ہزاروں فاشسٹ مجرم آباد کاروں نے اس کی بے حرمتی کی۔ صہیونی مسلمانوں کے اس مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے ہوئے حضورﷺ کے مقام معراج کی توہین اور بے حرمتی کررہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ “ہمیں یقین ہے کہ ہماری پوری قوم، مشرق سے مغرب، شمال سے جنوب اور ہر جگہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مقام معراج کے دفاع کے لیے جنگ کا حصہ بنے گی۔ ہم ہر جگہ ہر مسلمان اور دنیا کے تمام آزاد لوگوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقصیٰ اور پیغمبر اسلام ﷺ کے مقام معراج کے دفاع کے لیے اس منصفانہ جنگ میں کھڑے ہوجائیں۔