غزہ ۔ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن )قابض اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح غزہ کی پٹی کے مشرقی علاقوں میں درجنوں مکانات کو دھماکوں سے اڑا دیا۔ غزہ کے کئی مقامات پر شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں جو جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی اور اسرائیلی جارحیت کے تسلسل کا واضح ثبوت ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق قابض فوج نے آج صبح فجر کے وقت سے اب تک کم از کم چار مختلف کارروائیاں کیں جن میں غزہ شہر، البریج اور خانیونس کے مشرقی علاقوں میں گھروں اور عمارتوں کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا۔ ان علاقوں میں مسلسل زور دار دھماکوں کی گونج سنائی دیتی رہی۔
نامہ نگار نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے مشرقی اور شمالی غزہ کے کئی محاذوں پر اندھا دھند گولیاں بھی برسائیں جس سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیلی افواج غزہ کے مشرقی علاقوں میں تباہی کے اپنے منصوبے کو مکمل کرنے میں مصروف ہیں، جہاں وہ باقی ماندہ عمارتوں اور گھروں کو منظم طور پر تباہ کر رہی ہیں۔ یہ علاقے مجموعی طور پر غزہ کی پٹی کے تقریباً نصف حصے پر مشتمل ہیں جنہیں مکمل ملبے میں بدلنے کی کوشش جاری ہے۔
واضح رہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد بھی قابض اسرائیل نے اپنی درندگی اور نسل کشی کا سلسلہ نہیں روکا۔ سنہ2025ء کے موجودہ ماہ اکتوبر میں 10 تاریخ کو جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی فوج درجنوں خلاف ورزیاں کر چکی ہے جن کے نتیجے میں کم از کم 95 فلسطینی شہید اور 340 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
قابض اسرائیل کی جانب سے ان کارروائیوں کا مقصد غزہ کے عوام کو اجتماعی سزا دینا اور فلسطینی قوم کے وجود کو مٹانے کے منصوبے کو آگے بڑھانا ہے۔ تاہم فلسطینی عوام اپنی سرزمین، اپنے گھروں اور اپنے مقدس نصب العین کے دفاع کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔
