ایران (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے قابض اسرائیل کے خلاف فیصلہ کن جوابی کارروائی ’’الوعد الصادق 3‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ اس تاریخی کارروائی کا نعرہ ’’یا علی بن ابی طالب‘‘ ہے، جو روحانی قوت، ایمان، اور شہداء کے لہو سے جڑی عزم و وفا کا استعارہ ہے۔
جمعہ کو جاری کردہ ایک باضابطہ بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے واضح کیا کہ یہ آپریشن قابض اسرائیل کی مجرمانہ، درندہ صفت اور انسانیت سوز جارحیت کے خلاف ایک فطری اور برحق ردعمل ہے۔ آج صبح قابض اسرائیلی طیاروں نے ایران کی سرزمین پر حملہ کر کے ایرانی مسلح افواج کے کئی اعلیٰ افسران، نامور سائنس دانوں اور معصوم شہریوں کو شہید کیا، جن میں بے قصور بچے بھی شامل ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ یہ مقدس کارروائی عید غدیر کی بابرکت شب کو، ’’یا علی بن ابی طالب‘‘ کی صدا پر اللہ تعالیٰ کی نصرت پر توکل کرتے ہوئے، رہبر انقلاب کی ہدایات اور ایرانی عوام کے والہانہ اعتماد کی روشنی میں شروع کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس کارروائی کے دوران قابض صہیونی ریاست کے زیر قبضہ علاقوں میں واقع درجنوں فوجی اڈوں اور فضائی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جنہیں انتہائی درستگی اور بھرپور قوت سے تباہ کیا گیا۔
یہ صرف ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ ایک مظلوم قوم کا ظالموں کے خلاف نعرۂ حق ہے۔ یہ حملہ دنیا کو یہ بتانے کے لیے ہے کہ جب درندگی اپنی حدوں کو عبور کرتی ہے تو پھر انصاف کے علمبردار خاموش نہیں رہتے۔
قابض اسرائیل جو برسوں سے فلسطینی عوام پر قیامت برپا کیے ہوئے ہے آج خود اسی آگ میں جلنے لگا ہے جسے اس نے مشرقِ وسطیٰ میں لگایا تھا۔ نیتن یاھو اور اس کے سرپرستوں کو اب جان لینا چاہیے کہ شہداء کے وارث خالی ہاتھ نہیں ہوتے، ان کے پاس دعاؤں، ہمت، اور ایمان کی وہ تلوار ہوتی ہے جو کسی میزائل سے کم نہیں۔