تہران (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کے بعد اب امریکہ نے بھی مشرقِ وسطیٰ کے امن کو آگ میں جھونک دیا ہے۔ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی نے اعلان کیا ہے کہ ان کی افواج پوری طاقت سے جواب دیں گی اور یہ ردعمل سخت، واضح اور ناقابلِ فراموش ہو گا۔
امیر حاتمی نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ “ہم آج فتح کے لیے لڑ رہے ہیں”۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی فوج اپنے ملک کی خودمختاری، سالمیت اور نظام کے دفاع کے لیے اپنی تمام تر طاقت جھونک دے گی۔
حاتمی نے کہاکہ “جب جب امریکہ نے جرائم کا ارتکاب کیا، اُسے منہ توڑ جواب ملا۔ اور اس بار بھی ایسا ہی ہو گا”۔ انہوں نے مزید کہاکہ”ہم اپنی قوم کی خوشی اور سرفرازی کے لیے لڑیں گے۔ ہمارے بہت سے شہداء قربان ہو چکے ہیں، مگر ہم ہمت سے میدان میں ڈٹے رہیں گے۔ ہمیں اپنی طاقت پر مکمل بھروسہ ہے”۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکہ نے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر انتہائی خطرناک بم گرائے تھے جو زمین دوز تنصیبات کو بھی تباہ کر سکتے ہیں۔ اس حملے کے بعد پورے خطے میں جنگ کے بادل گہرے ہو گئے ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولايتی نے امریکہ کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اب مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے لیے کوئی جگہ باقی نہیں رہی۔ انہوں نے کہاکہ “امریکہ کو اب ناقابلِ تلافی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ “جن فوجی اڈوں سے امریکہ نے حملہ کیا، وہ اب ہمارے لیے جائز اہداف ہیں”۔