غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کے نصیرات کے نئے کیمپ میں قابض اسرائیل کی فضائی حملے نے ایک بار پھر معصوم فلسطینیوں کی جانیں چھین لیں۔ دوار غراب کے قریب فضائی حملے میں 11 فلسطینی شہید اور 70 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی ہسپتال العودہ نصیرات نے تصدیق کی ہے کہ شہداء اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہداء میں شادی ابو ہربید، احمد یوسف راضی، خلیل باسل شاہین، احمد ابو حیہ، محمد عدنان الطویل، ایمن محمد الدنف، ننھی بچی سعاد ناصر ابو قص، ابراہیم ابو جری، جمال ابو شاویش، عبدالرؤوف حمدان اور سائِد صالح ابو حمد شامل ہیں۔
یہ حملہ اس المناک وقت میں ہوا جب قابض اسرائیل غزہ پر اپنی ظالمانہ نسل کشی کی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں بے شمار شہداء، زخمیوں، تباہ شدہ گھروں اور جبری بے دخلی کا سلسلہ جاری ہے۔
غزہ کے مختلف ہسپتالوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح سے قابض اسرائیل کے فضائی حملوں میں کم از کم 60 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے 34 شہداء شہر غزہ اور شمالی علاقے سے ہیں۔
فلسطینی محکمہ صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق سنہ2023ء کے 7 اکتوبر سے قابض اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک 57 ہزار 523 شہداء اور 136 ہزار 617 زخمی فلسطینی بن چکے ہیں۔