طولکرم (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جمعرات کی شام قابض اسرائیلی فوج نے درندگی اور دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم کے قریب نور شمس کیمپ کے نزدیک 61 سالہ فلسطینی بزرگ شہری ولید حسن سعد بدیر کو گولیاں مار کر شہید کر دیا ۔
فلسطینی وزارت صحت نے مرکزاطلاعات فلسطین کو ایک مختصر بیان میں بتایا کہ ولید بدیر کو قابض فوج نے براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ شمالی مغربی کنارے کے شہر طولکرم کے شمال میں واقع نور شمس کیمپ کے قریب پیش آیا۔
قابض اسرائیلی افواج کا طولکرم شہر اور نور شمس کیمپ پر وحشیانہ حملے مسلسل جاری ہیں۔ آج جمعرات کو اس درندگی کو جاری 158 دن مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ نور شمس کیمپ پر 145 دنوں سے لگاتار حملے کیے جا رہے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر جاری اس جارحیت نے پورے علاقے کو کھنڈر بنا دیا ہے۔
ولید بدیر کی شہادت کے بعد، قابض اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک طولکرم میں شہداء کی تعداد بڑھ کر 14 ہو گئی ہے، جن میں ایک کمسن بچہ اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔ ان میں سے ایک خاتون شہید اس وقت حاملہ تھیں اور حمل کے آٹھویں مہینے میں تھیں۔
قابض فوج کی اس سفاکیت نے صرف انسانی جانوں کو ہی نہیں نگلا بلکہ پورے علاقے کو تباہی سے دوچار کر دیا ہے۔ درجنوں فلسطینیوں کو زخمی اور گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ گھروں، دکانوں، گاڑیوں اور شہری انفراسٹرکچر کو منظم طریقے سے تباہ کیا گیا ہے۔