بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنان کی وزارت صحت نے قابض اسرائیلی دشمن کی جانب سے جاری وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جن کے مطابق 2 مارچ سنہ 2026ء سے شروع ہونے والی اس خونی لہر میں اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 2869 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 8730 تک پہنچ چکی ہے۔
لبنانی وزارت صحت کی جانب سے آج پیر کے روز جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق قابض اسرائیل کی فضائیہ اب بھی جنوبی لبنان کے وسیع علاقوں کو اپنی سفاکیت کا نشانہ بنا رہی ہے اور وہاں مسلسل بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔
وزارت صحت نے اس بات پر زور دیا کہ رہائشی علاقوں اور طبی مراکز پر مسلسل حملوں کے نتیجے میں امدادی ٹیموں اور طبی عملے کو شدید ترین دباؤ اور لاجسٹک چیلنجز کا سامنا ہے۔
لبنانی وزیر اعظم نے آج اپنے سرکاری بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ قابض اسرائیل کے جنگی جرائم کی دستاویزی فلم بندی اور ٹھوس ثبوت جمع کرنا ناگزیر ہے تاکہ ان رپورٹس کو اقوام متحدہ میں پیش کر کے عالمی سطح پر قانونی کارروائی کی راہ ہموار کی جا سکے۔
گذشتہ مارچ سے جاری اس مسلسل جارحیت کے نتیجے میں اب تک 1.6 ملین سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں جس نے انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے اور پناہ گاہوں سمیت بنیادی سہولیات پر بوجھ میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔
