اسلامی تحریک مزاحمت . حماس. نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پردوبارہ جارحیت کی دھمکیوں پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صہیونی ریاست کو خبردار کیا ہے کہ وہ غزہ پر چڑھائی کی حماقت نہ کرے. غزہ پر حملہ کیا گیا تو اسرائیل سخت نقصان اٹھائے گا. اتوار کے روز حماس کے راہنما اور فلسطینی مجلس قانون ساز کے رکن ڈاکٹرصلاح الدین بردویل نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی دھمکیوں پر شدید ردعمل ظاہر کیا. انہوں نے کہا کہ غزہ پر حملے کی دھمکیاں دینا آسان ہے لیکن حملہ کر کے اس کے تباہ کن نتائج کا تصور بھی مشکل ہے. انہوں نے کہا کہ حماس اور پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں، دشمن کے خلاف ہر محاذ پر ڈٹ کر لڑیں گے. حماس نے ہرقیمت پر قوم کے دفاع کا عزم کر رکھا ہے. اسرائیل نے غزہ پر حملہ کیا تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی. ایک نیوز کانفرنس میں صلاح الدین بردویل نے کہا کہ حماس قوم کے دفاع سے غافل نہیں، ناکہ بندی کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ دشمن کے خلاف لڑائی کی صلاحیت نہیں. حماس اسرائیل پر پیشگی حملہ نہیں کرے گی لیکن اپنے دفاع کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے. انہوں نے کہا کہ حماس کے جانثار دشمن کی کسی بھی جارحیت کے جواب میں اپنا سب کچھ قربان کرنے اور دشمن کو سخت نقصان پہنچانے کے لیے تیار ہیں. فلسطینی عوام کے حقوق اور اسلامی مقدسات ہماری جانوں سے زیادہ قیمتی ہیں، اپنا خون دے کر ان کا تحفظ کیا جائے گا. غزہ پر اسرائیل کی تازہ بمباری اور القسام بریگیڈ کے کمانڈر عیسی بطران کی شہادت پر تبصرہ کرتے ہوئے بردویل کا کہنا تھا کہ عیسیٰ بطران کی شہادت اسرائیلی تاریخ کے سیاہ کارناموں میں ایک اور اضافہ ہے. حماس کے جانثاراپنے مجاہد لیڈر کی شہادت کا ضرور بدلہ لیں گے. ایک سوال پر حماس کے رہنما کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا یہ دعویٰ جھوٹا ہے کہ غزہ سے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے مقبوضہ علاقوں میں راکٹ فائر کیے ہیں. حماس ابھی تک سیز فائر پر قائم ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے فائر بندی کی مسلسل اور سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں. القسام بریگیڈ کے مجاہد لیڈر کی شہادت بھی سیز فائر کی خلاف ورزیوں میں سے ایک سنگین خلاف ورزی ہے. انہوں نے اسرائیل کی دھمکیوں کے جواب میں پوری قوم کو متحد ہونے اور دشمن کے خلاف صف بندی کی اپیل کی. واضح رہے کہ حماس کے راہنما نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے غزہ پر ایک بار پھر حملے کی دھمکی دی ہے. ادھر اسرائیلی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ پر حملے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں. فوج کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور کسی بھی وقت غزہ پر حملہ کیا جا سکتا ہے.