Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

قابض فوج کی فضائی بمباری سے غزہ میں معصوم بچہ شہید، کئی زخمی

غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ شہر کے مغرب میں واقع حی النصر کے علاقے پر قابض اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں منگل کی شام ایک معصوم بچہ شہید اور متعدد شہری زخمی ہو گئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسی محلے میں بہلول سٹیشن کے گرد و نواح کو نشانہ بنائے جانے کے بعد شہید بچے کا جسدِ خاکی اور کئی زخمیوں کو الشفاء ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل طبی ذرائع نے بتایا تھا کہ غزہ شہر کے جنوب مشرق میں دوار الکویت کے قریب شہریوں کے ایک اجتماع پر قابض اسرائیل کی گولہ باری کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

شہر کے شمال مغرب میں العیون کے مقام پر دوار الجلاء کے قریب فلسطینی پولیس کی ایک سکیورٹی چوکی پر قابض اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں محمد جمال الغندور نامی فلسطینی شہید جبکہ ایک اور شہری شدید زخمی ہو گیا۔

غزہ کی پٹی میں وزارتِ صحت نے گذشتہ روز پیر کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گذشتہ برس 11 اکتوبر کو سیز فائر کے آغاز سے اب تک قابض اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 832 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 2354 افراد زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ مختلف علاقوں سے 767 لاشیں بھی نکالی گئی ہیں۔

قابض اسرائیل کی فوج مسلسل 208 ویں دن بھی سیز فائر معاہدے کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور غزہ کی پٹی میں اپنی فوجی کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے مختلف علاقوں میں رہائشی مکانات اور تنصیبات کو دھماکوں سے اڑانے اور بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سنہ 2023ء سے قابض اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر ایک تباہ کن جنگ مسلط کر رکھی ہے جس میں بین الاقوامی اپیلوں اور عالمی عدالتِ انصاف کے احکامات کے باوجود فلسطینیوں کا قتلِ عام، فاقہ کشی، تباہی، جبری بے دخلی اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سفاکانہ جنگ کے نتیجے میں اب تک 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے، اس کے علاوہ 11 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں جبکہ لاکھوں فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس انسانیت سوز صورتحال میں بھوک اور افلاس نے بھی کئی قیمتی جانیں لے لی ہیں اور غزہ کے بیشتر شہر اور علاقے وسیع پیمانے پر تباہی کا شکار ہو چکے ہیں۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan