بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جنوبی لبنان کے قصبوں اللویزہ، عین بعال اور شوکین پر قابض اسرائیلی دشمن کے جنگی طیاروں کی شدید بمباری کے نتیجے میں 8 افراد شہید ہو گئے ہیں۔
لبنانی میڈیا کے مطابق قابض اسرائیل کی فوج نے جنوبی لبنان کے کئی دیگر دیہاتوں اور قصبوں بشمول زوطر الشرقیہ، برج قلاویہ اور مجدل زون پر بھی تندوتیز فضائی حملے کیے ہیں۔
گذشتہ روز قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان پر کیے گئے 41 حملوں میں 23 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ یہ حملے سنہ 2025ء کے گذشتہ 2 مارچ سے جاری مسلسل جارحیت کا حصہ ہیں، جس میں 17 اپریل سنہ 2026ء سے جاری جنگ بندی کے باوجود نمایاں طور پر تیزی لائی گئی ہے۔
دوسری جانب “حزب اللہ” نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے جنوبی لبنان میں قابض اسرائیل کے اہداف پر 10 آپریشنز کیے ہیں۔ حزب اللہ کے مطابق ان کارروائیوں میں قابض دشمن کے 7 اجتماعات اور 3 فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ تل ابیب نے ان حملوں میں اپنے دو فوجیوں کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
قابض اسرائیل مسلسل ٹارگٹ کلنگ، بمباری اور رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے اڑانے جیسی کارروائیوں کے ذریعے لبنان میں سیز فائر کے معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔
