مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں غاصب صہیونی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینی شہریوں اور ان کی املاک پر وسیع پیمانے پر حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے، جبکہ دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس اور نابلس میں غیرت مند نوجوانوں نے غاصب آباد کاروں کے ان حملوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔
مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع قصبہ حزما کے قریب بہادر نوجوانوں نے سنگ باری کر کے ایک غاصب آباد کار کو زخمی کر دیا اور اس کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔
نابلس کے جنوب میں واقع قصبہ بیتا میں مقامی نوجوانوں نے ان غاصب آباد کاروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جنہوں نے اپنی گاڑی کے ذریعے بستی کے مضافات پر دھاوا بولا تھا اور نوجوانوں نے ان کا پیچھا کر کے انہیں وہاں سے بھاگنے پر مجبور کر دیا۔
یہ واقعات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب غاصب آباد کاروں کی سفاکیت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، نابلس کے جنوب میں واقع گاؤں عوریف میں اپنی زمین پر کام کرنے والے ایک فلسطینی شہری عبدالفتاح الصفدی پر غاصب آباد کاروں نے بزدلانہ حملہ کر دیا، ان پر وحشیانہ تشدد کیا گیا اور فضا میں گولیاں چلائی گئیں جس کے نتیجے میں وہ سر اور چہرے پر شدید زخمی ہو گئے۔
اسی طرح الخلیل کے جنوب میں واقع مسافر یطا کے علاقے خربہ المرکز میں غاصب آباد کاروں نے فلسطینیوں کی رہائش گاہوں پر دھاوا بولا، اونٹوں کے گلے چھوڑ دیے اور ایک معصوم بچی پر تشدد کیا جس سے وہ زخمی ہو گئی۔
غاصب آباد کاروں نے الخلیل میں دورا کے مغرب میں واقع قصبہ بیت عوا کے علاقے البقعہ میں ایک فلسطینی مکان پر قابض اسرائیل کے جھنڈے لہرا دیے۔
بیت لحم میں بھی غاصب آباد کاروں نے جب الذیب کے مشرق میں واقع علاقے ابو ناظور اور ضلع کے مشرقی گاؤں کیسان کی زمینوں پر غاصبانہ قبضے کے لیے دو خیمے نصب کر دیے۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ غاصب آباد کاروں نے گاؤں کے جنوب میں واقع علاقے ظہر المزراب میں جو کہ فلسطینیوں کے گھروں کے بالکل قریب ہے، ایک خیمہ گاڑ دیا اور اس پر قابض اسرائیل کے جھنڈے لہرا دیے۔
رام اللہ کے مشرق میں واقع قصبہ ترمسعیا میں غاصب آباد کاروں نے بلڈوزروں کی مدد سے ابو عواد خاندان کے گھر کے پہلو میں ایک سڑک نکالی ہے جس کا مقصد اس گھر کو اس کے گرد و نواح اور بقیہ زمینوں سے کاٹ کر الگ تھلگ کرنا ہے۔
