غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جمعہ کے روز غزہ شہر کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے شجاعیہ کے علاقے میں واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔
اسی دوران خان یونس کے مشرقی علاقوں اور غزہ شہر کے مختلف حصوں پر بھی اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری جاری رہی، جبکہ فوجی گاڑیوں نے متعدد مقامات پر فائرنگ کی۔
اس سے قبل جمعرات کی شام بھی غزہ کے زیتون محلے اور خان یونس میں فائرنگ کے واقعات میں ایک بچہ سمیت دو فلسطینی شہید ہوئے تھے۔
فیلڈ رپورٹس کے مطابق شہید ہونے والے بچے کی شناخت صالح بدوی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ خان یونس میں ارد اللایمون کے علاقے میں ایک اور شخص فائرنگ سے شہید ہوا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں، اور اکتوبر 2025 سے اب تک ان خلاف ورزیوں میں تقریباً 770 فلسطینی شہید اور 2,150 زخمی ہو چکے ہیں۔