غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی کے وسطی علاقوں البريج اور دیر البلح میں قابض اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں سات شہری شہید ہو گئے۔
قابض اسرائیل کے جاسوس طیاروں (ڈرونز) نے وسطی غزہ کی پٹی میں واقع شہر دیر البلح کے جنوب میں المشاعلہ کے علاقے میں ایک خیمے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی جام شہادت نوش کر گیا اور کئی شہری زخمی ہوئے۔
غزہ کی پٹی کے وسطی حصے میں ہی پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کے البريج کیمپ کے مشرق میں قابض اسرائیل کی فوجی گاڑیوں نے نہتے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے باعث ایک بچہ پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض اسرائیل کے طیاروں نے البريج کیمپ کے بلاک 9 میں طیبہ فارمیسی کے قریب ایک سکیورٹی ناکے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم از کم 7 شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق شہداء میں علی سامی الشقرہ، محمد سید ابو وطن، موسیٰ صالح، سلیم المغاری، محمد ابراہیم عبدالمجید المقوس اور محمد علی المبحوح ابو الحسن شامل ہیں۔
ادھر جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس شہر کے مشرق میں واقع قصبہ بنی سہيلا کے مغربی محلے الرقب میں ایک اسرائیلی ڈرون نے پناہ گزینوں کے خیمے پر بم گرایا جس سے تین شہری زخمی ہو گئے۔
قابض اسرائیل کی جنگی کشتیوں نے خان یونس کے سمندر میں فائرنگ کی، جبکہ اسی دوران خان یونس کے وسطی اور مشرقی علاقوں پر اسرائیلی ٹینکوں نے بھی شدید گولہ باری کی۔
آج علی الصبح قابض اسرائیل کے توپ خانے نے شمالی غزہ کی پٹی میں بیت لاہیا کے کلب والے علاقے (منطقہ النادی) کو نشانہ بنایا۔
قابض اسرائیلی افواج نے شہر کے مشرقی اور شمالی حصوں میں فائرنگ کے ساتھ ساتھ غزہ شہر کے مشرق میں سویلین تنصیبات کو دھماکے سے اڑا کر ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔
علاوہ ازیں قابض اسرائیل کے توپ خانے نے غزہ شہر کے مشرق میں واقع حی التفاح کے مشرقی حصے پر بھی گولہ باری کی۔
قابض اسرائیل کی افواج 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کے بعد سے مسلسل فضائی و توپ خانے کی بمباری اور فائرنگ کے ذریعے اس کی خلاف ورزی کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 10 اکتوبر کو سیز فائر کے آغاز سے اب تک شہداء کی کل تعداد 749 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 2,082 ہو چکی ہے۔ اسی مدت کے دوران ملبے کے نیچے سے 759 شہداء کی لاشیں بھی نکالی گئی ہیں۔
اسی تناظر میں وزارت نے وضاحت کی کہ 7 اکتوبر سنہ 2023ء کو جارحیت کے آغاز سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 72,328 ہو گئی ہے اور 172,184 افراد مختلف نوعیت کے زخموں سے دوچار ہوئے ہیں۔
