غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غاصب صہیونی افواج نے آج بدھ کے روز غزہ کی پٹی میں جاری جنگ بندی کی مسلسل 179 ویں روز بھی خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف علاقوں کو شدید گولہ باری اور فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔
آج صبح قابض اسرائیل کی فوجی گاڑیوں اور ٹینکوں نے غزہ شہر کے مشرقی حصوں اور غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع شہر خان یونس کے مشرقی علاقوں میں اندھا دھند اور شدید فائرنگ کی۔
اسی دوران قابض اسرائیل کے توپ خانے نے بھی خان یونس کے مشرقی علاقوں پر گولے برسائے جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
قابض افواج گذشتہ 10 اکتوبر سے غزہ کی پٹی میں سیز فائر اور تہیہ کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ ان خلاف ورزیوں میں توپ خانے اور فضائیہ کی بمباری، فوجی گاڑیوں اور جنگی کشتیوں سے فائرنگ کے ساتھ ساتھ غزہ کے مختلف علاقوں میں شہری عمارتوں اور تنصیبات کو دھماکوں سے اڑانے کے واقعات بھی شامل ہیں۔
ان تازہ خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک 730 شہری جام شہادت نوش کر چکے ہیں اور 1,990 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ اس عرصے میں 759 شہداء کے جسد خاکی ملبے سے نکالے گئے ہیں۔
سات اکتوبر سنہ 2023ء سے شروع ہونے والی اس بدترین صہیونی جارحیت کے مجموعی اعداد و شمار کے مطابق وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ شہداء کی کل تعداد 72,309 تک جا پہنچی ہے جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 172,090 ہو چکی ہے۔
