تل ابیب – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کے طبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے جنوبی مقبوضہ فلسطین کو نشانہ بنا کر کیے گئے میزائل حملے کے نتیجے میں دو صہیونی آبادکار زخمی ہو گئے ہیں۔
عبرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نقب کے علاقے میں واقع شہر بیر السبع میں ایرانی میزائلوں کے ٹکڑے گرے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ آج کے دن کے دوران ایران کی طرف سے داغی گئی میزائلوں کی ساتویں کھیپ تھی جس نے غاصب ریاست کے دفاعی نظام میں کھلبلی مچا دی۔
عبرانی چینل 12 نے شہر میں میزائلوں کے ملبے اور شظایا گرنے کی ابتدائی اطلاع دی جبکہ معروف اخبار یدیعوت احرونوت نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ایمبولینس کا عملہ جائے وقوعہ کی تلاشی اور زخمیوں کی امداد کے لیے روانہ ہو گیا۔
اس حملے سے کچھ دیر قبل جنوبی مقبوضہ فلسطین کے وسیع علاقوں میں خطرے کے سائرن گونج اٹھے جس سے غاصب آبادکاروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ان علاقوں میں بیر السبع سمیت متعدد غیر قانونی بستیاں مثلاً اوفاکیم، جفولوت، مسلول اور تسئیلیم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب واقع صہیونی بستیوں بئيري، زیکیم، رعیم اور سدیروت میں بھی خطرے کے سائرن بجتے رہے۔
دوسری جانب قابض اسرائیلی حکام نے حملوں کے نتیجے میں ہونے والے اصل نقصانات پر پردہ ڈالنے کے لیے معلومات کی فراہمی پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ میڈیا پر کڑی سنسر شپ نافذ ہے اور کسی بھی ایسی تصویر یا تفصیل کو نشر کرنے سے سختی سے روکا جا رہا ہے جس سے نشانہ بننے والے مقامات یا ہونے والے جانی و مالی نقصان کی حقیقت بے نقاب ہو سکے۔
واضح رہے کہ یہ کشیدگی گذشتہ 28 فروری سنہ 2026ء سے جاری اس تصادم کا حصہ ہے جس میں قابض اسرائیل اور امریکہ مل کر ایران پر حملے کر رہے ہیں جبکہ تہران کی جانب سے جوابی کارروائی کے طور پر قابض اسرائیل کی طرف مسلسل میزائل اور ڈرون داغے جا رہے ہیں۔
